صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان سید علی گیلانی اور کشمیریوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما سید علی گیلانی کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی نے پوری زندگی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے لیے وقف کی، سید علی شاہ گیلانی کی زندگی قربانی اور ثابت قدمی کی علامت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ سید علی گیلانی کی ذات حق و انصاف پر یقین رکھنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، بھارتی ظلم و ستم اُن کے عزم اور جرات کو غیر متزلزل نہ کر سکا، علی شاہ گیلانی کے مؤقف نے کشمیری عوام کو آزادی کی جدوجہد پر ثابت قدم رکھا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان سید علی شاہ گیلانی اور کشمیریوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، سید علی شاہ گیلانی کا لہو تحریکِ آزادی کو ہمیشہ زندہ رکھے گا۔ بھارتی جبر کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھاتا رہے گا، کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔





















