حکومت نے ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی سروسز بند کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کہتے ہیں کہ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پیکیج کی منظوری دی جاچکی، 19 ارب 50 کروڑ روپے کے پیکیج پر سب نے اتفاق کرلیا، مستقل سمیت ڈیلی ویجرز اور کنٹریکٹ ملازمین کو بھی معقول پیکج دے رہے ہیں۔
وفاقی حکومت نے ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی سروسز بند کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ آج سے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی سروسز بند کردی گئی ہیں، ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پیکیج کی منظوری دی جاچکی۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عہدیداران کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے، ملازمین کیلئے 19 ارب 50 کروڑ کی گرانٹ منظور کرلی گئی ہے، اس پیکیج پر سب کا اتفاق ہے، ملازمین کی گزشتہ ڈیڑھ ماہ کی تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔
طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ چھوٹے وینڈرز کیلئے 2 ارب روپے کا پیکیج منظور ہوچکا، بڑے وینڈرز کو بعد میں ادائیگی ہوگی، اس سے پہلے مستقل ملازمین کو پیکیج دیا جاتا تھا، اس بار ڈیلی ویجرز اور کنٹریکٹ ملازمین کو بھی معقول پیکیج دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا معیشت میں اہم کردار رہا، یوٹیلٹی اسٹورز کے بزنس میں ہر ماہ 60 کروڑ کا نقصان ہورہا ہے، ملازمین کی تنخواہیں، آپریشنز چلانے کیلئے حکومت ہر ماہ سپورٹ دیتی تھی، ہارون اختر کی کوششوں کے باوجود ادارہ نہیں چل سکا، جس کے بعد وزیراعظم نے پھر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن سروسز بند کرنے کا اعلان کیا۔





















