سویڈن سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی کارکن گریٹا تھنبرگ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نسل کشی کیلئے اپنے عزائم واضح کرچکا، وہ فلسطینی قوم کو مٹانا اور غزہ پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔
اسرائیلی مظالم اور فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کیلئے عالمی صمود فلوٹیلا آج اسپین سے غزہ کیلئے روانہ ہوگا، جس میں سویڈش موسمیاتی مہم کار گریٹا تھنبرگ سمیت کئی ممالک کے رضاکار بھی شامل ہوں گے۔
عالمی صمود فلوٹیلا منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ جہاز ہسپانوی بندرگاہی شہر سے "انسانی ہمدردی کی راہداری کھولنے اور فلسطینی عوام کی جاری نسل کشی کے خاتمے کیلئے روانہ ہوں گے۔"
منتظمین نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے جہاز روانہ ہوں گے یا روانگی کا صحیح وقت کیا ہوگا، تاہم توقع ہے کہ یہ بحری بیڑا ستمبر کے وسط میں جنگ سے تباہ شدہ ساحلی انکلیو میں پہنچ جائے گا۔
اسپین کے شہر بارسلونا میں غزہ کیلئے گلوبل صمود فلوٹیلا کی روانگی سے قبل گریٹا تھنبرگ اور دیگر رضا کاروں نے پریس کانفرنس کی، اس موقع پر تھنبرگ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نسل کشی کیلئے اپنے عزائم واضح کرچکا ہے، وہ فلسطینی قوم کو مٹانا اور غزہ پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، اس سب کے باوجود دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
تھنبرگ نے انسٹاگرام پر اپنے ایک پیغام میں یہ بھی لکھا تھا کہ فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے کارکنان 44 ممالک میں بیک وقت مظاہرے اور دیگر احتجاج بھی کریں گے۔





















