خیبر پختونخوا میں مون سون کے نئے سپیل میں مختلف حادثات میں مزید 5 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے ۔ 15 اگست کے بعد اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 411 ہوگئی ہے جبکہ 255 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی تازہ رپورٹ کے مطابق دو دنوں میں پشاور، جنوبی وزیرستان، خیبر اور ایبٹ آباد میں بارشوں اور آبی ریلوں میں 4 بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوئی جبکہ زخمیوں میں 3 بچوں اور ایک خاتون سمیت 5 افراد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 15 اگست سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 411 تک پہنچ گئی ہے جس میں 112 بچے اور 168 خواتین بھی شامل ہیں ۔ طوفانی بارشوں ،بادل پھٹنے اورسیلاب سے اب تک 3580 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 700 مکمل تباہ ہوچکے ہیں جبکہ 2880 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
قدرتی آفات میں اب تک پانچ ہزار 408 مویشی بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ محکمہ موسمیات خیبر پختونخوا میں دو ستمبر تک طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کرچکی ہے۔





















