وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کی جدید ٹیکنالوجی، طریقے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے انتہائی سود مند ثابت ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن یونیورسٹی میں نیشنل ارتھ کوئیک سمولیشن سینٹر کا دورہ کیا، وزیراعظم نے چین کے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تعریف کی، کہا جدید ٹیکنالوجی، طریقے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے انتہائی سود مند ثابت ہوں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی مہارت سے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مؤثر احتیاطی تدابیر، لائحہ عمل استعمال کیے جا سکیں گے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور چین کے جوائنٹ لیب جیسے منصوبے مزید فعال بنائے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے چین اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کو مزید توسیع دی جائے، پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب تیانجن یونیورسٹی میں فیکلٹی اور طلبا سے خطاب وزیراعظم نے کہا کہ تیانجن یونیورسٹی علم ودانش کی بہترین درسگاہ ہے، 200 سے زائد پاکستانی تیانجن یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔ 30 ہزار پاکستانی طلبا چینی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی طلبا یہاں ملک کے سفیر ہیں، پاکستانی طلبا پاک چین دوستی کوفروغ دیں، پاک چین دوستی ہرآزمائش پر پوری اُتری، ہم چینی کمپنیز کے ساتھ شراکت داری کےخواہاں ہیں۔ پاک چین مل کرترقی کی منزل حاصل کریں گے، کوئی بھی ہمیں جدا نہیں کرسکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کواس پر فخر ہےکہ چین دنیا کا بڑا معاشی ملک ہے، چین کی موجودہ قیادت کے ویژن سے پوری دنیا متاثر ہے، پاکستان صدر شی جن پنگ کے ویژن کی مکمل حمایت کرتا ہے، چین آج دنیا کی ایک بڑی معاشی اور فوجی طاقت ہے، ترقی کیلئے چین کے ماڈل سے سیکھنا ہوگا۔






















