وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز لاہور پہنچیں جہاں ریلیف کمشنر نبیل جاوید اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر آب پاشی کاظم پیرزادہ، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ کو سیلاب متاثرہ علاقوں کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ مریم نواز نے امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے اور متاثرین کی فوری مدد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے بروقت انخلا یقینی بنایا گیا ہے اب تک 6 لاکھ متاثرہ افراد اور ساڑھے 4 لاکھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بہتر کارکردگی دکھائی اور بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
مریم نواز نے مزید اضلاع میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر بروقت انخلا یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلاب کے دوران پوری ٹیم کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔
ان کے مطابق تمام ادارے متاثرین کی مدد کے لیے جانفشانی سے کام کر رہے ہیں جبکہ صوبائی وزرا بھی متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلسل بارش اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے باعث صورتحال مزید خراب ہوئی ہے تاہم حکومت پنجاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے پوری طرح متحرک ہے۔






















