وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں غیر متوقع سیلاب ہے، یہ موقع ہے کہ پوری قوم اکٹھی ہو۔ یہ موقع سیاست کا نہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ دریائے راوی کی صورتحال پہلے کبھی ایسی نہیں دیکھی، پنجاب حکومت فعال کردار ادا کررہی ہے، خدا کیلئے ملک اور قوم کا خیال کریں، یہ موقع سیاست کا نہیں۔ جہاں سڑکوں کا نقصان ہوا،انہیں ٹھیک کریں گے۔
اس سے قبل وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان دریائے راوی شاہدرہ پہنچ گئے، ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔ عبدالعلیم خان نے متعلقہ حکام کو متاثرین کو بروقت امداد مہیا کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان 3 دن سے فیلڈ میں موجود ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب خود مانیٹرنگ روم میں صورتحال دیکھ رہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلابی ریلا شاہدرہ سے گزر رہا ہے، شاہدرہ کے اطراف سے لوگوں کو پہلے ہی نکال لیا گیا تھا، تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود ہیں، تین دریاؤں میں سیلابی صورتحال ہے، پیشگی اطلاع سے پنجاب بڑی تباہی سے بچ گیا۔






















