وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سے ملاقات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
وزیر اعلیٰ کے پی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات کے لئے عدالت عظمیٰ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے جس میں پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔
علی امین کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے عدالتی حکم کے باوجود ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے مختلف معاملات پر مشاورت کیلئے ملاقات ضروری ہے۔
علی امین کی جانب سے استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے۔
دوسری جانب رجسٹرار آفس کی جانب سے علی امین کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ رجسٹرار آفس نے پاور آف اٹارنی پر دستخط نہ ہونے کا اعتراض لگایا ہے۔






















