وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ کسی بھی صوبے میں سیلابی صورت حال سے پیدا مسائل کو ملکی سطح پر مکمل ہم آہنگی سے حل کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت سیلابی صورت حال پر ہنگامی اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں اور پنجاب سیلابی صورت حال پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا سیلابی صورت حال کی بروقت پیشگی اطلاع نے قیمتی جانی و مالی نقصان کو بچایا۔ پیشگی اطلاع پہنچانے کا یہ سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے۔
شہبازشریف نے کہا سڑکوں کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔ کسی بھی صوبے میں سیلابی صورت حال سے پیدا مسائل کو ملکی سطح پر مکمل ہم آہنگی سے حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظرہر ممکن تعاون فراہم کیا، پنجاب میں بھی وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی، صوبہ سندھ میں سیلابی ریلے کی پنجاب کے بعد آمد کی ہر وقت پیشگی اطلاع کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم شہبازشریف ہدایت کی عوامی نمائندے اور حکومتی ادارے متاثرہ علاقوں میں بروقت انخلاء، امدادی کارروائیوں کی مؤثرنگرانی کریں، انسانی جان ومال، فصلوں اورمال مویشی کو بچانے کیلئے مؤثرحکمت عملی کے تحت حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
قبل ازیں ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان کاٹھیا نے آئندہ 48 گھنٹوں کو مشکل قرار دے دیا۔ دریائے راوی اور چناب کے قریبی علاقوں کو فوری خالی کرنے کی اپیل کی۔ کہا آج رات شاہدرہ سے اونچے درجے کا سیلاب گزرے گا جو بڑا چیلنج ہے۔ امید ہے پانی بند کو متاثر نہیں کرے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے کہا کہ آج رات شاہدرہ سے اونچے درجے کا سیلاب گزرے گا، دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ آج رات ہمارے لئے چیلنج ہوگا، امید ہے پانی دریا کے بند کو متاثر نہ کرتے ہوئے گزر جائے گا، دریائے چناب میں ایک دہائی کے بعد اتنا پانی دیکھا گیا، جب تک پانی رحیم یار خان سے نہیں گزر جاتا ،ہمارے لئے چیلنج ہے۔






















