بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر کپل دیو پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی حمایت میں سامنے آگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 میں قومی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی کے بعد کپتان بابر اعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان پر کپتانی چھوڑنے کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم ٹاپ فار مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کر سکی اور اپنے 9 میچز میں سے 5 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جن میں بھارت کا میچ بھی شامل تھا جبکہ ایونٹ کے دوران پاکستان افغستان کے ہاتھوں بھی پہلی بار ہارا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں 40 کی اوسط سے چار نصف سنچریوں کے ساتھ 320 رنز بنائے۔
کپل دیو نے ورلڈ کپ 2023 سے ٹیم کے باہر ہونے کے بعد پاکستانی کپتان کی قیادت پر ہونے والی تنقید کے دوران ان کی حمایت کا اظہار کیا ہے اور ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صرف موجودہ کارکردگی کی بنیاد پر بابر سے متعلق کوئی فیصلہ غیر منصفانہ ہوگا۔
سابق بھارتی کپتان نے بابر اعظم کی سابقہ کامیابیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف چھ ماہ قبل ہی پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچایا تھا۔
کپل دیو کا کہنا تھا کہ ’ اگر آپ کہتے ہیں بابر اعظم آج کپتانی کے لئے صحیح انتخاب نہیں ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ صرف اسکی موجودہ کارکردگی کو دیکھ رہے ہیں، حالانکہ یہ وہی کپتان ہے جس نے چھ ماہ قبل پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچایا ‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ جب کوئی کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوتا ہے تو 99 فیصد لوگ چاہتے ہیں کہ اسے ٹیم سے ڈراپ کر دیا جائے لیکن اگر کوئی عام کھلاڑی آتا ہے اور شاندار سنچری بناتا ہے تو لوگ اسے سپر اسٹار کہنا شروع کر دیتے ہیں جس کے حق میں میں نہیں ہوں‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ کسی بھی کھلاڑی کو اس کی موجودہ کارکردگی کی بنیاد پر نہیں جانچنا چاہیے بلکہ یہ دیکھنا چاہیے کہ اس میں کتنا ٹیلنٹ ہے اور وہ کس طریقے سے کھیلتا ہے‘۔