وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ معرکہ حق کے بعد اب ہمارا چیلنج معرکہ ترقی ہے۔ پائیدار ترقی کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ بدلتےرجحانات سے ہم آہنگ ہونا اشد ضروری ہے۔
اسلام آباد میں اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا آغاز پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی اور کیک کاٹنے سے ہوا۔ اس تقریب کا اہتمام بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ علم اور سیکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کتابوں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد اب ہمارا چیلنج معرکہ ترقی ہے۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ محنت اور اتحاد سے ملک کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور ترقی یافتہ قوم بن کر ابھرنا ہوگا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ پائیدار ترقی اور خوشحالی امن کے بغیر ناممکن ہے جبکہ قومی ہم آہنگی، فرقہ واریت اور پولرائزیشن کا خاتمہ اور نوجوانوں کی شہری ذمہ داریوں کو پورا کرنا پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہے۔
وزیر مملکت وجیہہ قمر اور دیگر مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم ہی قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ نوجوانوں نے معرکہ حق کے دوران نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے علاوہ سوشل میڈیا پر پاکستان کی مسلح افواج کی حمایت کرکے قومی اتحاد کی ایک مثال قائم کی۔
مقررین نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور اپنے کردار اور احساس ذمہ داری کے ذریعے ایک پرامن، متحد اور عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے پاکستان کی تعمیر کے لیے پولرائزیشن پر قابو پایا جا سکتا ہے۔






















