انڈین ہائی کمیشن کی جانب سے دریائے توی میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ کے بعد دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں آنیوالا سیلابی ریلا گجرات اورسیالکوٹ کو متاثر کرسکتا ہے، دریائے چناب اورملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
بھارتی آبی جارحیت کے باعث بہاولنگر میں دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں ایک بار پھر بلند ہونا شروع ہوگئی جس کی وجہ سے سیکڑوں ایکڑ اراضی پر کاشت فصلیں دریا برد ہوگئی ہیں اور زمینی کٹاؤ کے ساتھ ساتھ آبادیوں میں بھی پانی داخل ہورہا ہے۔
دوسری جانب صوبے بھر میں مون سون بارشوں کا آٹھواں اسپیل کا آغاز ہوگیا۔ پنجاب کے دریاؤں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے شمال اور شمال مشرقی اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری کردیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں گجرات میں 126، گوجرانوالہ میں پ75، سیالکوٹ 70، مری 58، جہلم 62، اور چکوال میں 31 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور، ڈیرہ غازی خان، منگلا، شیخوپورہ، سرگودھا، اٹک، فیصل آباد، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شورکوٹ اور ساہیوال میں بھی بارشیں ریکارڈ کی گئی۔ مون سون بارشوں کا آٹھواں اسپیل ستائیس اگست تک جاری رہے گا۔
بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے ۔ دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پرپانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ دریائے ستلج سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم پچہتر فیصد تک بھر چکا ہے ۔ بھارتی ڈیمز میں بھاکڑا اسی، پونگ ستاسی اور تھین ڈیم پچاسی فیصد تک بھرچکا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث کوئی جانی و مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔






















