پاکستان بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں اہم بریک تھرو ہوگیا، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر بھی دستخط ہوگئے، سفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے انٹری ویزا فری کردی گئی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا بنگلہ دیش کا تاریخی دورہ جاری ہے، انہوں نے ڈھاکا میں بنگلادیش کے مشیر تجارت شیخ بشیرالدین سے ملاقات کی، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی،
اسحاق ڈار آج بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے بھی ملیں گے، پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے، امن اور استحکام کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات جاری ہیں، دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون، علاقائی مسائل پر بات چیت ہورہی ہے۔
پاکستانی وفد کی قیادت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جبکہ بنگلہ دیشی وفد کی قیادت ایڈوائزر خارجہ امور توحید حسین کررہے ہیں، دونوں ممالک کے متعلقہ شعبوں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہیں۔
نمائندہ سماء کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں، ایم او یوز پر دستخط بھی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 6 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس میں سفارتکاروں اور حکومتی اہلکاروں کیلئے ویزا ختم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا، دونوں ممالک کی فارن سروس اکیڈمیز کے درمیان مفاہمتی یادداشت، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور بنگلادیش سنگباد سنگستھا کے درمیان مفاہمتی یادداشت، آئی ایس ایس آئی اور بنگلہ دیش انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے درمیان ایم او یو پر بھی دستخط ہوگئے جبکہ ٹریڈ جوائنٹ ورکنگ گروپ اور ثقافتی تبادلے کے پروگرام (2025–2028) کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں تقریب سے خطاب کیا جہاں انہوں نے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اختر حسین کی قیادت میں نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے وفد سے ملاقات کی اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے نوجوانوں کے درمیان زیادہ باہمی رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم نے این سی پی کی قیادت کے اصلاحات اور سماجی انصاف کے وژن کی تعریف کی۔
انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے نوجوانوں کے درمیان زیادہ باہمی رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفد کے اراکین نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو 2024ء میں ملک بھر میں سیاسی تحریک کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا، دونوں فریقوں نے آنے والے دنوں میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔






















