کراچی میں پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی اور چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی نے سرکاری ملازم تشدد کیس میں گرفتاری دے دی۔
فرحان غنی پر فیروز آباد تھانے میں سرکاری اہلکار حافظ سہیل احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا جس میں دہشت گردی، اقدام قتل اوردیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں قمرالدین، شکیل چانڈیو، سکندر اور روحان کے نام بھی شامل ہیں۔
مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ 22 اگست کو شارع فیصل سروس روڈ پر ڈیوٹی تھی۔ فائبر آپٹک کیبل بچھانے کے کام کی نگرانی کرنا تھی۔ اس دوران تین گاڑیوں پر 20 سے 25 افراد پہنچے ۔ تعارف کروانے کے باوجود مسلح افراد کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
مقامی عدالت نے فرحان غنی کو ایک دن کے راہ داری ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے ایکس پوسٹ میں لکھا ان کے بھائی اور کچھ ساتھیوں کا گزشتہ روز سہیل نامی شخص سے جھگڑا ہوا تھا۔ فرحان غنی اور دیگرعدالت میں اپنی بےگناہی ثابت کریں گے۔






















