پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نواز شریف آج شہباز شریف اور مریم نواز کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ کریں گے ۔ جہاں وہ کئی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات کریں گے ۔ سیاسی بیٹھک کے بعد بلوچستان کے کئی الیکٹیبلز ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گے ۔
رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے سیاسی منظر نامے میں ایک بار پھر ہل چل مچ گئی ہےالیکٹیبلز کو اپنی کشتی میں سوار کرانے کے لیے ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف منگل کو دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے ۔لیگی ذرائع کے مطابق درجن سے زائد قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے سابق ارکان ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گے ان میں بیشتر کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔
سابق وزیراعلیٰ جام کمال، سابق وفاقی وزیر دوستین ڈومکی، سابق ایم این اے خان محمد جمالی ، سابق صوبائی وزراء سردار عبدالرحمان کھیتران، محمد خان لہڑی، غفور لہڑی، نور محمد دمڑ اور محمد خان اتمانخیل کی ن لیگ میں شمولیت متوقع ہے۔کریم نوشیروانی، شعیب نوشیروانی، عاصم کرد گیلو، مجیب حسنی، سرفراز ڈومکی ، سابق ایم پی اے عبدالخالق اچکزئی اور ربابہ بلیدی بھی نواز لیگ کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں۔
دورے کے دوران نواز شریف تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کے لیے پارٹی عہدے داروں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔لیگی رہنما ایاز صادق بھی بلوچستان میں متحرک ہوگئے ۔ نوابزادہ لشکری رئیسانی سے ملاقات کے لیے ساراوان ہاوس پہنچے اور انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ۔