پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں کہیں اونچے اور کہیں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، شدید بارشوں کے سبب دریاؤں کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
پنجاب کے دریاوں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال سے متعلق تفصیلات جاری کردی گئیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہورہا ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بہاؤ میں اضافہ ہوگیا، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 29 ہزار کیوسک ہے، دریائے ستلج سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 63 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 55 ہزار کیوسک ہے، دریائے سندھ میں تونسہ، کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 14 ہزارکیوسک اور بہاؤ نارمل سطح پر ہے، بسنتر نالہ اور پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، شدید بارشوں کے سبب دریاؤں کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔





















