پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کو حراست میں لے لیا۔
علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کو گاڑی روک کر حراست میں لیا گیا، علیمہ خان کے ایک بیٹے شاہ ریز عظیم کو پولیس نے کل گرفتار کیا تھا۔
ایس ایس پی انویسٹیگیشن کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیرشاہ کو 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا، شیرشاہ کےخلاف 9مئی کےواقعات میں ملوث ہونے کے شواہد ہیں۔ قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس میں عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کا 8 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کی جانب سے 30 روزہ ریمانڈ کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہ ریز عظیم کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
پولیس نے ملزم سے ریکوری کیلئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، جس کی سلمان اکرم راجہ نے شدید مخالفت کی۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کو 9 مئی کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں سپلیمنٹری بیان میں نامزد کیا گیا، ملزم کو کل گرفتار کیا، جس سے فون اور دیگر چیزیں ابھی ریکوری کرنی ہیں۔






















