محکمہ داخلہ پنجاب نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سیکیورٹی کیلئے ہدایات جاری کردیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال، وال چاکنگ، نفرت انگیز تقاریر اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ عید میلاد النبیؐ کے جلوس، محافل اور عوامی اجتماعات کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، بڑے اجتماعات کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کیے جائیں، یقینی بنایا جائے کہ مقررین کسی بھی فرقے کیخلاف قابل اعتراض اور اشتعال انگیز تقریریں نہ کریں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے راستوں سے ملبہ اور تعمیراتی مواد ہٹانے اور چھتوں پر پولیس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حساس راستوں پر اضافی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور انہیں سیف سٹی سے منسلک کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ مرکزی جلوسوں کی کواڈ کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی یقینی بنائے، پنجاب بھر میں آتشیں اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش پر پابندی کا نفاذ کیا جائے۔
یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ صوبہ بھر کے تمام شہروں کے داخلی خارجی راستوں پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔





















