استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے ملک کے چاروں صوبوں کو تقسیم کرکے نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کردیا۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی زیرصدارت اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام کی سفارشات پیش کی گئی، اجلاس میں عون چوہدری، صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیراحمد اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کیں۔
اعلامیے کے مطابق چاروں صوبوں کو3،3نئے صوبوں میں تقسیم کیا جائے۔ آئی پی پی کی سینٹرل کمیٹی پہلے ہی نئے صوبوں کے قیام کی قرارداد پیش کرچکی۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے بعد نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہوچکاہے، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں نئے صوبے بننے چاہئیں۔ ہر صوبے میں اسی نام کے ساتھ نارتھ، ساؤتھ، سینٹرل نئے صوبے بنانے ہوں گے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبے ملکی استحکام اورمعیشت کی بہتری میں معاون ثابت ہوں گے، وقت آگیا ہے کہ باہمی مشاورت سے نئے صوبوں کے قیام کی راہ ہموار ہو۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں پر صرف سیاست ہوئی، زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں ہوا، گزشتہ 25 سال سے صوبوں کی تقسیم کی بات چل رہی ہے، موجودہ صوبوں کواسی شناخت کے ساتھ 3 حصوں میں تقسیم کیا جاسکتاہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ سیکرٹریٹ میں میلوں دور سے آنیوالے شہریوں کو ریلیف ملے گا، عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے نئے صوبے جلد بنائے جائیں۔ نئے صوبوں میں ہائیکورٹ، چیف سیکرٹری اور آئی جی بہترکام کرسکیں گے، نئے صوبوں سے عوام کے مسائل کا حل انکی دہلیز پر ممکن ہوگا۔






















