وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی ہمارے امن و خوشحالی کے عزم کو پسپا نہیں کرسکی۔
دہشت گردی کے شکار اور متاثرین کو خراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد ملک میں امن ، ترقی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کے ہر عمر کے شہریوں، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کی اور بہادری، عزم و ہمت اور قربانیاں دے کر اس ناسور کو شکست دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں 90 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور معیشت کو بھی شدید نقصان ہوا مگر اس باوجود دہشت گردی ہمارے امن و خوشحالی کے عزم کو پسپا نہ کرسکی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے سول اور ملٹری انٹیلی جنس اداروں نے ملک کو بے شمار دہشت گردی کے واقعات سے بچایا۔ آج بحیثیت قوم دہشت گردی کے متاثرین اور شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں وہیں دہشت گردی سے نبرد آزما اداروں کو بھی لائق تحسین سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی کے خلاف ہماری جامع حکمت عملی کا بہترین عکاس ہے۔






















