گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کے باعث متعدد سڑکیں شدید متاثر ہوئی ہیں جس کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق شیوک میں سلتورو دریا کا پل لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے کے باعث مکمل بند ہوگیا ہے۔
جگلوٹ سکردو روڈ پر آستک پل کے متاثر ہونے سے ون وے ٹریفک جاری ہے جبکہ دیامر سے غذر، شندور، خلتی، دین اور اشکومن روڈز بھی بند ہیں۔
سکردو میں کارگل، خرمنگ اور تھنگل نالہ سے شگر کا راستہ بھی مکمل طور پر بند ہے۔
گلگت روڈ نلتر کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
تاہم، کچھ علاقوں میں بحالی کا کام شروع ہوگیا ہے اور گھانچے میں سرمو پل اور سکردو میں باغیچہ روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
ہنزہ میں گلمیت تا گوجال روڈ، گلگت میں جگلوٹ سے گرو روڈ اور استور میں چلم روڈز بھی ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو متاثرہ علاقوں میں سفر سے گریز کرنے اور غیر محفوظ متبادل راستوں پر جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان نے زور دیا کہ شہری اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں اور ٹریول ایڈوائزری پر عمل کریں۔



















