وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں کی بحالی کےلیے بھاری مشینری اور تربیت یافتہ ورک فورس کے ساتھ مرمتی کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور گورنر سید مہدی شاہ کی ملاقات میں گلگلت بلتستان میں حالیہ سیلاب کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نلتر ایکسپریس وے، بابو سر روڈ، غذر ایکسپریس وے اور دیگر شاہراہوں کی بحالی پر گفتگو کی گئی۔
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ مختلف اضلاع میں بارشوں سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔ محکمہ مواصلات کی فوری اور تیز کارروائیاں لائق تحسین ہیں۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بتایا کہ وہ شاہراہوں کی بحالی کے لیے خود معائنہ کرنے گلگت آئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بھاری مشینری اور تربیت یافتہ ورک فورس کے ساتھ مرمتی کام جاری ہے اور شاہراہوں کی مکمل بحالی تک این ایچ اے علاقوں میں سرگرم رہے گا۔






















