وطن پر اپنی جان قربان کر کے مثال قائم کرنے والے پائلٹ آفیسر نشان حیدر شہید راشد منہاس کا آج 54 واں یوم شہادت منایا جارہا ہے، پاک فضائیہ کے اس نوجوان نے ملکی دفاع کی ایسی داستان رقم کی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید نشانِ حیدر کے یوم شہادت پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کی قیادت نے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہیدنشان حیدرکی کی عظیم قربانی اعلیٰ ترین روایات کا مظہرہے۔
سن 1971 میں آج کے دن پائلٹ آفیسرراشد منہاس نےغیرمعمولی عزم اور بےلوث قربانی کامظاہرہ کرتے ہوئے دفاع وطن کیلئےجام شہادت نوش کیا، شہید کا لاجواب جذبہ،وفاداری اورحب الوطنی افواج وقوم کیلئے روشن مثال اور لازوال ترغیب کا باعث ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق راشد منہاس کا نام تاریخ میں ہمیشہ وفاداری، حوصلے اور فخرکی علامت کے طور پر یادرکھا جائے گا۔
پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی 54 ویں برسی پر اسلام آباد سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نشان حیدر راشد منہاس کی عظیم قربانی ہمت، بہادری اور فرض سے لگن کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے 1971 اکہتر کو آج کے ہی دن پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جان نثار کی اور مادر وطن کے دفاع کی لازوال تاریخ رقم کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید کا جذبہ اور حب الوطنی قوم بالخصوص مسلح افواج کے لیے ایک مستقل ترغیب کا باعث ہے۔ راشد منہاس کی بہادری یاد دلاتی ہے کہ آزادی قربانی مانگتی ہے اور اس کے تحفظ کے لیے عزم اور حوصلہ درکار ہے۔






















