کراچی میں طوفانی بارشوں اور خراب موسم کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے اور پی آئی اے کی کراچی سے کوئٹہ اور کراچی سے اسلام آباد جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والی پرواز بھی لاہور ایئرپورٹ پر موسم کی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہے اور موسم بہتر ہوتے ہی روانہ کی جائے گی۔
کراچی سے نجف اور کراچی سے اسلام آباد جانے والی پروازوں میں مسافروں کے بروقت نہ پہنچنے کے باعث تاخیر ہوئی۔
کراچی سے جدہ کی پرواز پی کے-731 اور کراچی سے مدینہ منورہ کی پرواز پی کے-843 بھی تاخیر کا شکار ہیں۔
پی آئی اے کی کل صبح کراچی سے اسلام آباد اور واپس کراچی آنے والی پروازیں پی کے-300 اور پی کے-301 بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ترجمان نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے پی آئی اے کے کال سینٹر یا ویب سائٹ سے رابطہ کریں۔






















