وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مسلسل بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حالیہ بارشوں و سیلاب اور امدادی کارروائیوں کے متعلق اجلاس ہوا جس میں انہوں نے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مسلسل بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرین میں امدادی رقوم کی تقسیم کیلئے ضروری کارروائی مکمل کی جائے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ امدادی اشیاء پر مشتمل ٹرکوں کی تعداد کو فوری طور پر دگنا کیا جائے اور وزیرآبی وسائل معین وٹو آزاد کشمیر اور وزیر عوامی امور رانا مبشر اقبال صوابی جائیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزراء کی متاثرین کی مدد وانفراسٹرکچر کی بحالی کی خود نگرانی قابل ستائش ہے اور ہم سب مصیبت کی گھڑی میں اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وفاقی ادارے اور این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ بجلی کے متاثرہ 49 فیڈرز میں سے 37 بحال کئے جا چکے اور باقی کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ 911 پر ٹیلکوز کی جانب سے مفت کال کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔
وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بتایا کہ اسکردو تا جگلوٹ راستہ بحال کر دیا گیا ہے اور اشیاء خورونوش و ایندھن کی قلت نہیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کیلئے اضافی 4 ارب کا فنڈ مختص کیا جا چکا ہے۔






















