وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے ایران کا دورہ کیا ، جس دوران دوطرفہ تجارت اور زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
تہران میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے ایرانی نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف سے ملاقات کی۔ پاک ایران تجارت اور زرعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ 10 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کا عزم بھی دہرایا گیا۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ پاکستان چاول، مکئی، کیلے، گوشت اور مویشیوں کی برآمدات بڑھانے کو تیار ہے جبکہ ایران پاکستان سے معیاری زرعی ادویات اور زرعی مصنوعات درآمد کر سکتا ہے۔ خطے میں غذائی تحفظ کے قیام کے لئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، پاکستان عملی نتائج کے حصول کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ رانا تنویر حسین نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ایران کا تعاون خطے میں خوشحالی اور استحکام لائے گا۔






















