صحافی خاور حسین کی موت کیسے ہوئی؟ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔ ذرائع کے مطابق خاور حسین نے خود کشی کی۔ تحقیقاتی رپورٹ فارنزک، میڈیکل اور سی سی ٹی وی شواہد کی بنیاد پر تیار کی گئی۔
کراچی کے صحافی خاور حسین کی چند روز قبل سانگھڑ میں ان کی گاڑی سے گولی لگی لاش ملی تھی، پولیس کی جانب سے پراسرار موت کی ابتدائی تحقیقات میں اسے خودکشی قرار دیا گیا تھا تاہم بھائی کی درخواست پر سندھ حکومت نے خاور حسین کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کروایا۔
سندھ حکومت کی بھائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے خاور حسین کی موت کی وجوہات سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی خاور حسین نے خودکشی کی، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی جو محکمہ داخلہ اور آئی جی سندھ کو ارسال کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق صحافی خاور حسین کے موبائل میں سم موجود نہیں تھی، آخری کال واٹر ٹینکر والے کو حیدرآباد کے قریب سے کی گئی، خاور نے اپنے موبائل کا تمام ریکارڈ خود ختم کیا، خاور حسین نے خودکشی سے قبل اپنے موبائل فون کو فیکٹری سیٹنگ پر ڈال دیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاور حسین نے رات سوا 8 بجے ہوٹل کی پارکنگ پہنچے، ہوٹل کے سامنے ٹائر شاپ پر جاکر پن لی اور موبائل سے سم نکالی، خاور نے خود کشی تقریباً 10 بجکر 5 منٹ سے 10 بجکر 15 منٹ کے دوران کی۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ فارنزک، میڈیکل اور سی سی ٹی وی شواہد کی بنیاد پر تیار کی ہے۔





















