نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئین میں 27 ویں ترمیم کی ضرورت نہیں، ابھی ہم 26 ویں ترمیم ہضم کر رہے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ملک بہت اچھا چل رہا ہے اور 27 ویں ترمیم کی ضرورت نہیں جبکہ ابھی ہم 26 ویں ترمیم ہضم کر رہے ہیں۔
نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت جنگ بندی کی زبانی خلاف ورزیاں کر رہا ہے جبکہ ہم الرٹ ہیں اور بھارت نے اگر میلی آنکھ سے دیکھا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ ہماری طرف سے امن قائم رہے گا کیونکہ ہم امن پسند ملک ہیں اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ پیار محبت سے رہنا چاہتے ہیں۔
لازمی پڑھیں۔ اسحاق ڈار کی لندن میں برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری سے ملاقات
اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہوئے ہیں جبکہ ایران نے کہا ہم نے اپنے دوست کو اب پہچانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کی طرز پر میرپور ایئرپورٹ کا آئیڈیا دیا ہے جبکہ برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ ہم ایئرپورٹ کیلئے زمین خرید کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لینڈ ڈیجیٹلائزیشن کا عمل قابل تحسین ہے اور پاسپورٹ بنانے کا نظام بھی مربوط کر دیا ہے۔
اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی لندن میں برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری ہمیش فالکنر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک، برطانیہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں باہمی فائدہ مند شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ہمیش فالکنر برطانیہ کے پارلیمانی سیکرٹری برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان ہیں۔






















