راولاکوٹ میں آزاد کشمیر کے وزیر سیاحت، قانون و انصاف سردار فہیم اختر ربانی کی اپنے حلقہ میں عوام سے ملاقات جھگڑے میں بدل گئی۔ منگریوٹ بلوچ کے مقام پر وزیر سیاحت کی آمد پر عوام اور گارڈز کے درمیان تصادم ہوا، جس میں فائرنگ اور تشدد سے ایک شہری زخمی ہو گیا۔
وزیر سیاحت آزاد کشمیر سردار فہیم اختر ربانی ضلع سدھنوتی تحصیل بلوچ کے علاقہ عارف آباد میں ڈسپنسری کے افتتاح کے لیے جا رہے تھے کہ منگریوٹ کراس پر متاثرینِ بیتراں ٹنگی گلہ روڈ نے ان سے ملاقات کی کوشش کی۔
عوام کا مطالبہ تھا کہ وزیر دو منٹ رک کر ان کے مسائل سنیں۔ صورتحال کشیدہ ہوئی تو عوام کو منتشر کرنے کے لیے سیکورٹی گارڈز نے ہوائی فائرنگ کی۔ اس دوران ایک شخص زخمی ہوگیا۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ سانحہ چار بیاڑ جیسے واقعات کے ذمہ داران کی پشت پناہی کرتی رہی تو ایسے واقعات دوبارہ رونما ہوتے رہیں گے۔






















