پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل فون نیٹ ورکس کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق 96 فیصد سے زائد متاثرہ ٹیلی کام سائٹس کو بحال کر دیا گیا ہے اور موبائل آپریٹرز کے تعاون سے باقی ماندہ سائٹس کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کم سے کم وقت میں تمام سروسز مکمل طور پر بحال ہو سکیں۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ موبائل آپریٹرز کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام صارفین کو مفت آن نیٹ وائس کالز فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ لوگ اپنے اہلِ خانہ اور ایمرجنسی سروسز سے رابطے میں رہ سکیں۔
اس کے علاوہ یہ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ زیرو بیلنس صارفین بھی ٹیلی کام سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔






















