آرمی چیف کی خصوصی ہدایت کے مطابق خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے راشن کی تقسیم جاری ہے۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باوجود بونیر ، شانگلہ اور سوات کے مختلف علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔ خواڑ بانڈہ کے علاقے میں راشن پہنچا دیا گیا۔ امدادی سامان میں آٹا ، چاول، دالیں ، ملک پاوڈر، نمک ، چائے کی پتی اور کوکنگ آئل شامل ہے۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز دور دراز علاقوں سے زخمیوں ، عورتوں اور بچوں کو محفوظ مقام تک بھی پہنچا رہے ہیں۔ آرمی کے ڈاکٹرز نے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگا لیے، جہاں مفت ادویات کی تقسیم جاری ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع مانسہرہ میں نیل بان اور بٹگرام میں پاک فوج کے فلڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ متاثرہ عوام کی اطلاع پر فوجی ریلیف ٹیم نیل بان روانہ کی گئی جہاں خراب راستوں کی وجہ سے ٹیم کو پیدل 8 کلومیٹر کا طویل سفر طے کرنا پڑا۔ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جن میں ایک بچہ اور ایک مرد شامل تھے۔ حالت تشویشناک ہونے پر دونوں کو رورل ہیلتھ کلینک چھتر پلین منتقل کردیا گیا۔
پاک فوج نے علاقے میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا جہاں 100 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔ مریضوں کو ادویات، ابتدائی طبی سہولیات اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی گئیں جبکہ متاثرہ خاندانوں کو دودھ اور روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی دی گئیں۔ ریلیف آپریشن کے دوران خراب موسم، لینڈ سلائیڈنگ اور ناقابل رسائی راستے سب سے بڑی رکاوٹ ہیں تاہم فوجی ٹیم نے واپسی پر روڈ کلیئرنس کا کام بھی کیا۔






















