پاکستان میں سیلاب سے تباہی پر عالمی رہنماؤں نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے رابطہ کیا، سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈیوڈ لیمی نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر اظہار کیا۔ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا پیغام بھی دیا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ لندن میں اسحاق ڈار سے ہونے والی ملاقات میں مثبت پیش رفت ہو گی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے برطانوی قیادت کی یکجہتی اور ریلیف و بحالی کے لیے امداد پر شکریہ ادا کیا۔ کہا کہ وہ برطانوی قیادت کے ساتھ مزید رابطوں اور بات چیت کے منتظر ہیں۔
صدر یو اے ای شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ بیان میں صدر یو اے ای نے کہا پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف اور صدر زرداری کو ہمدردی کا پیغام بھیجا ہے ۔ یواے ای مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہے۔ تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ نے شمالی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور اموات پر حکومت پاکستان اور متاثرین سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر قیمتی جانوں کے ضیاع پر حکومت پاکستان اور متاثرین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی صدر نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم شہبازشریف کیلئے تعزیتی پیغام میں ایرانی صدر نے امدادی سرگرمیوں میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔ کہا سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا، ایران مشکل وقت میں پاکستان کےساتھ ہے۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے کویت کے وزیرخارجہ عبداللہ ال یحییٰ نے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، کہا کویتی حکومت اور عوام پاکستانی قوم کی ہرممکن مدد کیلئے تیار ہیں۔
روس کے صدر ولادیمیرپیوٹن نے صدر مملکت آصف زرداری کے نام تعزیتی خط میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔






















