ایران اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان میں مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر انہیں شدید صدمہ ہوا ہے۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور امدادی سرگرمیوں میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کی پیشکش کی۔
ایرانی صدر نے زور دیا کہ ایران مشکل وقت میں اپنے برادر اسلامی ملک پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی پاکستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں اور متاثرین سے مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
بیان میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور اپنی حمایت کا عہد کیا۔






















