کے پی اور ملک کے بالائی علاقوں میں شدید طوفانی بارشیں اور کلاؤڈ برسٹ کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کرتے ہوئے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات دیے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل قدرے زیادہ مضبوط ہے اور طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔دریاؤں، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بالائی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشات ہیں۔
ریسکیو، سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے اضلاع کو ہر طرح کی امداد فراہم کی جائے گی۔






















