ضلع بونیر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں، تباہ کن سیلاب اور شدید آندھی و طوفان کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور جاں بحق ہونے والے فراد کی تعداد 157 سے تجاوز کر گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ متاثر علاقوں میں تحصیل گدیزی کے بیشونی، ملک پور، بلوخان اور قریبی علاقے شامل ہیں ، تحصیل ڈگرکے گوکند، کوٹ سمیت متعدد مقامات شدید متاثر ہوئے ہیں ۔تحصیل چغرزئی کے گل باندی، درگہ چینہ سمیت دیگر مقامات بھی سیلاب کی زد میں ہیں ۔
تحصیل گدیزی میں 120 سے زائد لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔تحصیل ڈگر میں 15 لاشیں برآمد ہوئیں اور 100 سے زائد افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔
تحصیل چغرزئی میں ایک ہی گھر کے 22 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں، جنہیں ٹی ایچ کیوں گل باندی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ریسکیو 1122 بونیر کے اہلکار متاثرہ علاقوں میں دن رات مسلسل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوراً ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔






















