گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں اور گلیشئر پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی۔ غذر میں سیلابی ریلے سے 9 افراد جان سے گئے۔ آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے 7 افراد لقمہ اجل بنے۔ درجنوں مکان، پل اور سڑکیں تباہ ہوگئے۔
گلگت بلتستان میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے سے تباہی آگئی جبکہ آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ نے قیامت ڈھا دی۔ گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں سیلاب سے 9 جبکہ دیامر میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
ہنزہ، نگر اور سکردو میں درجنوں رہائشی گھر، سرکاری عمارتیں ملیا میٹ ہوگئیں۔ کھڑی فصلیں اور درخت پانی میں بہہ گئے۔ شاہراہِ قراقرم، شاہراہ بابوسر اور گلگت سکردو شاہراہ سمیت کئی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ کہیں گھر، کہیں پل اور کہیں شاہراہیں تباہ ہوگئیں۔
آزاد کشمیر میں بھی شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی۔ مظفرآباد کے علاقے سرلی سچہ میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 7 جاں بحق ہوگئے۔
وادی نیلم میں متعدد مکانات اور دو پل آبی ریلے میں بہہ گئے ۔ رتی گلی میں سیکڑوں سیاح پھنس گئے ۔ 100 کو ریسکیو کرلیا گیا۔ دریائے نیلم، جہلم اور پونچھ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔






















