فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے لگژری گاڑیوں کی درآمد میں مبینہ طور پر کم ٹیکس وصولی کے سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کہ ایک 2023 ماڈل ٹویوٹا لینڈ کروزر صرف 17,635 روپے کے ٹیکس پر کلیئر کی گئی بے بنیاد ہیں۔
ایف بی آر ذرائع نے وضاحت کی کہ امپورٹڈ لینڈ کروزر کی قیمت 1 کروڑ 5 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی اور اس پر 4 کروڑ 72 لاکھ روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔
حکام نے زور دیا کہ کسٹمز نے تمام گاڑیوں کی اصل قیمت کا تعین کیا اور قومی خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ایف بی آر کے مطابق اس منفی مہم کا مقصد فیس لیس کسٹمز سسٹم کو بدنام اور بند کرانا ہے، جو درآمدات کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔
حکام نے کہا کہ پراپیگنڈا پھیلانے والوں کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کیس دائر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔



















