آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں بھارتی ٹیم نے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا، گروپ راؤنڈ کے تمام 9 میچز جیت لئے، آخری میچ میں نیدرلینڈز کو 160 رنز سے ہرادیا۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے کا نیا ریکارڈ بنادیا۔
بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نیدرلینڈز کیخلاف مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 410 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔
بھارت کی جانب سے روہت شرما 61، شبمن گل اور ویرات کوہلی 51، 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کے ایل راہول نے 64 گیندوں پر 102 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔
شریاس ائیر نے 94 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 128 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، سوریا کمار 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وان بیک 107، وان میکیرن 90 اور باس ڈی لیڈ 82 رنز دے کر مہنگے ترین بولرز رہے، ڈی لیڈ نے 2، وان ڈر مروے اور میکیرن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 411 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47.5 اوورز میں 250 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ڈچ ٹیم کی جانب سے تیجا ندامانورو 54 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، اینگل بریخت 45، کولن ایکرمین 35، میکس او ڈووڈ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بومرا، محمد سراج، کلدیپ یادیو، رویندرا جڈیجا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ویرات کوہلی اور روہت شرما نے بھی ایک ایک شکار کیا۔
بھارتی ٹیم ورلڈ کپ کے تمام گروپ میچز جیت کر 18 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر ہے۔
ورلڈ کی دیگر سیمی فائنلسٹ ٹیموں میں جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ہیں۔