اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے زیر حراست پچاس سے سو قیدی جلد رہا ہوسکتے ہیں جبکہ رہائی پانے والے قدیوں میں خواتین اور بچے شامل ہوں گے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل بھی فلسطینی خواتین اور کم عمر قیدیوں کو رہا کرے گا جبکہ جنگ میں تین دن سے پانچ دن کا وقفہ ہوگا اور اس دوران ایندھن کے ٹرکوں کو غزہ تک رسائی دی جائے گی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے پاس جنگ کسی بھی وقت دوبارہ شروع کرنے کا اختیار ہوگا۔
دوسری جانب اردن کی فوج نے طبی آلات اور ادویات کی ایک اور کھیپ غزہ پہنچا دی ہے جبکہ ادویات کے تین کنٹینرز کو پیرا شوٹس کے ذریعے غزہ کی پٹی میں اتارا گیا ہے۔
اردن کے حکام کے مطابق امدادی سامان غزہ میں اردن کے فیلڈ اسپتال کے لیے بھیجا گیا تھا اور اردن کی جانب سے یہ ادویات اور طبی آلات کا دوسرا ائیر ڈراپ ہے۔