کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر حادثے میں بہن بھائی جاں بحق جبکہ والد شدید زخمی ہوگیا واقعے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپرز کو آگ لگا دی ۔ ڈمپر ڈرائیور اور ڈمپرز کو آگ لگانے میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
کراچی میں ہیوی ٹریفک مزید دوشہریوں کی جانیں لےگیا، راشد منہاس روڈ پر دندناتے تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل کوٹکر ماری، بہن بھائی موقع پر جاں بحق اور والد شدیدزخمی ہوگیا۔
جاں بحق بچوں کی شناخت 14 سال کے احمد رضا اور 22 سال کی ماہ نور کے ناموں سےہوئی، متاثرہ خاندان ملیر میں تقریب سے واپس گھر جارہا تھا۔
واقعہ پر شہری مشتعل ہوگئے، ڈمپر ڈرائیور کوشدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ 7 ڈمپروں کو آگ لگادی۔ فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور صورتحال کو کنٹرول کیا۔
دوسری جانب صدر ڈمپر ایسوسی ایشن لیاقت محسود نے ڈمپر جلانے کی ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دے دیا ۔ سپرہائی وے اور نیشنل ہائی وے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ڈمپرز کو آگ لگانے کےالزام میں 10 افراد کو حراست میں لےلیا ۔






















