اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ شہر پر اسرائیلی کنٹرول کے منصوبے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، کہا کہ یہ فیصلہ ایک خطرناک اضافہ ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان اسٹیفنی ٹرمبلی نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ شہر پر قبضے کا یہ فیصلہ ایک خطرناک اضافہ ہے اور اس کے نتیجے میں لاکھوں فلسطینیوں کے لیے پہلے سے تباہ کن نتائج مزید گہرے ہو سکتے ہیں اور اس سے مزید جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، جن میں باقی یرغمالی بھی شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس تنازع کے کسی پائیدار حل کا کوئی امکان اس غیر قانونی قبضے کے خاتمے اور قابل عمل دو ریاستی حل کے حصول کے بغیر ممکن نہیں۔غزہ ایک فلسطینی ریاست کا لازمی حصہ ہے اور رہنا چاہیے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے غزہ شہر کا کنٹرول سنبھالنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج کا مقصد پورے غزہ پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔اسرائیل غزہ کو اپنے پاس رکھنا نہیں چاہتا بلکہ سیکورٹی زون قائم کرکے علاقہ عرب فورسز کے حوالے کیا جائے گا۔





















