وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے الوداعی ملاقات کی جس دوران مریم نواز نے پاکستان میں شاندار خدمات کے اختتام پر نیل ہاکنز کو خراج تحسین پیش کیا ، آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلیا اورپاکستان بااعتماد دوست اور اہم اقتصادی شراکت دارہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں ٹیکسٹائل، فوڈ پراسینسنگ، معدنیات اور آئی ٹی خدمات میں تجارت کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے باہمی روابط اور دوطرفہ تعلقات خاص اہمیت کے حامل ہیں، ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی منتقلی اور دیرپا شراکت داری کو فروغ دیا جارہا ہے، آسٹریلیا اور پاکستان زراعت اور لائیو سٹاک میں بھی باہمی تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ایکوا کلچر، فشریز کی امپورٹ کے لئے کولڈ چین لاجسٹکس کے فروغ کے لئے پر امید ہیں، آسٹریلوی ایگریکلچر مشن کا گزشتہ جولائی میں پاکستان کا دورہ ایگری ٹریڈ میں گہرے تعاون کا استعارہ ہے، آسٹریلیا میں پنجاب سے ہزاروں افراد نے ترقی کے مواقع ہی نہیں بلکہ باہمی روابط کو بھی فروغ دیا، پاکستان کی آسٹریلیا کے ساتھ بڑھتی ہوئی سٹریٹجک شراکت داری میں پنجاب بھی شامل ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے مشترکہ عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے پاکستان اور آسٹریلیا تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستانی طلبہ کے لئے اہم منزل ہے، پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ باہمی احترام اور دیرپا دوستی کی بنیاد پر قائم مضبوط تعلقات کی قدر کرتا ہے، آسٹریلیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پارلیمانی روابط اور اقتصادی تعاون میں اضافہ ضروری ہے، پنجاب میں آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں آسٹریلوی سرمایہ کاروں کے لیے گراں قدر مواقع موجود ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ حکومت پنجاب سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہرممکنہ معاونت کرے گی، بارش کے پانی کا ہر قطرہ بچا کر استعمال میں لانا چاہتے ہیں جس کے لئے ضروری اقدامات کررہے ہیں، اپنے صوبے اور ملک میں مینارٹی کے جان و مال کا تحفظ اہم فریضہ سمجھتے ہیں، پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال سرزمین ہے، بہتر استعمال یقینی بنانا چاہتے ہیں، تجاوزات کے خاتمے کے لئے یکسوہیں، شہروں کی خوبصورتی بحال کررہے ہیں۔






















