امریکا نے بھارت سے تجارتی مذاکرات سے انکارکردیا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جب تک ٹیرف کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، بھارت کے ساتھ تجارتی مذاکرات کا کوئی امکان نہیں۔ بھارت اور امریکا کے دفاعی معاہدے خطرے میں پڑ گئے۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا دورۂ امریکا منسوخ ہوگیا، دورے کے دوران جاسوس طیاروں سمیت اہم دفاعی ساز و سامان کی خریداری کا معاہدہ متوقع تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت سے ناراض ہیں، دو طرفہ تعلقات بدترین موڑ پر آگئے، امریکی صدر نے نئی دلی سے تجارتی مذاکرات سے انکار کردیا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ٹیرف کا مسئلہ حل ہونے تک بھارت سے تجارت پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور بھارت کے اربوں ڈالر کے دفاعی معاہدے خطرے میں پڑگئے، بھارت کو امریکی طیاروں اور ہتھیاروں کی خریداری کا معاملہ مؤخر کرنا پڑا، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا دورۂ امریکا بھی منسوخ ہوگیا۔
فروری میں صدر ٹرمپ اور نریندر مودی کی ملاقات میں طے پانے والے معاہدوں کے تحت بھارت امریکا سے 3.6 ارب ڈالر کے جاسوس طیارے خریدنے والا تھا، روسی تیل کی خریداری پر امریکا بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرچکا ہے۔





















