قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم نے گزشتہ دو روز میں بھرپور پریکٹس کی ہے اور تیاریاں شاندار رہی ہیں۔
کپتان نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز اپنے نام کریں۔
لازمی پڑھیں۔ ویسٹ انڈیز کا پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان
محمد رضوان نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 2-1 سے جیتے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے ٹیم کا مومینٹم بن گیا ہے جو ون ڈے سیریز میں فائدہ مند ثابت ہوگا۔
لازمی پڑھیں۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر سیریز جیت لی
انہوں نے ٹیم کے بولنگ اٹیک کی تعریف کی اور کہا کہ سفیان مقیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار بولنگ کی جبکہ مسٹری اسپنر ابرار احمد بھی ٹیم کے لیے اہم ہتھیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حسن علی اور فہیم اشرف کی بولنگ سیریز میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
کپتان نے اوپنر فخر زمان کے سیریز سے باہر ہونے کو نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے خود کو منوانے کا سنہری موقع ہے۔
انہوں نے حسن نواز کی تعریف کی اور کہا کہ وہ پچھلے ایک سال سے مسلسل پرفارم کررہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 8 اگست کو ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 10 اور 12 اگست کو شیڈول ہیں۔






















