قومی کرکٹر حیدر علی برطانیہ میں ایک واقعے کی تحقیقات کے باعث تنازع کا شکار ہو گئے، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حیدر علی کو تین روز قبل گریٹر مانچسٹر پولیس نے گرفتار کیا تھا تاہم کھلاڑی کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے اور 2 ہفتے کے بعد دوبارہ بلایا جائے گا ، پاکستانی کرکٹر حیدر علی نے الزامات کو جھوٹ قرار دیاہے ۔ کیس کلیئر ہونے تک حیدر علی برطانیہ نہیں چھوڑ سکتے۔
حیدر علی کے خلاف برطانیہ میں مجرمانہ تحقیقات جاری ہیں جو کہ پاکستان شاہینز کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے سے متعلق ہیں۔پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حیدر علی کو مناسب قانونی معاونت فراہم کی گئی ہے، اور بورڈ برطانوی عدالتی نظام اور قانونی عمل کا مکمل احترام کرتا ہے۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں، حیدر علی کو کرکٹ کے تمام سرگرمیوں سے معطل رکھا جائے گا۔یہ معاملہ قومی ٹیم کی ساکھ کے لیے اہمیت کا حامل ہے، اور پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں شفافیت اور قانونی تقاضوں کو ترجیح دے گا۔






















