وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ ایران کے صدر اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاک، ایران باہمی تجارت میں اضافے کےلیے زمینی، فضائی اور بحری رابطے ضروری ہیں۔
ایران کی وزیر روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق نے وفاقی وزرا ء سے ملاقات کیں، ملاقات میں وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان، وزیر تجارت جام کمال اور وزیر ریلوے حنیف عباسی شریک تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایران کے صدر اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستانی عوام ایران کو اسرائیل کے خلاف سرخرو ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں، ایران کی کامیابی عالم اسلام کیلئے فخر اور مسرت کا مقام ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے مضبوطی سے ایک دوسرے کا ساتھ دیا، اس معرکے نے پاکستان اور ایران کو مزید نزدیک کر دیا، اس سنہری موقع کا فائدہ اٹھا کر باہمی تعلقات بڑھاسکتے ہیں، تجارت میں اضافے کیلئے زمینی، فضائی اور بحری رابطے ضروری ہیں۔
وفاقی وزیرمواصلات ایران کی وزیر روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق کو 23،24 اکتوبر کو وزارتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تیز پیشرفت کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپس بنانے اور پاک ایران موجودہ ٹریفک کے حجم اور دونوں اطراف ایک جیسی سہولت دینے پر بات چیت کی گئی۔
ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ساتھ دینے پر پاکستان کے مشکور ہیں، ایران اور پاکستان کے درمیان گاڑیوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوناچاہیے، دونوں ملک زاہدان سے کوئٹہ کے موجودہ روٹ میں جدت لاسکتے ہیں۔ گوادر، چاہ بہار کے راستے بھی دوطرفہ تعاون میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان نے پاک ایران تجارتی امورمیں اضافے پر بریفنگ دی، کہا دونوں ممالک ایک دوسرے کیلئے ٹریڈمارکیٹ ثابت ہوسکتے ہیں۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ اسلام آباد، تہران اور استنبول کے ریل منصوبے کا ازسرنو جائزہ لیں گے، پاکستان سے زاہدان کے ریلوے ٹریک کواپ گریڈ، ٹرینوں کی تعدادمیں اضافہ کریں گے۔






















