ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصر زادہ نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی، انسداد دہشتگردی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرا نے باہمی تعلقات مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا ، وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایران کی مسلسل حمایت کو سراہا اور دفاعی سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا ۔
ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادہ نے پرتپاک استقبال پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا، باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور اعتماد پر مبنی دفاعی تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا ۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جبکہ مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔
یاد رہے کہ ایرانی صدر دورہ پاکستان پر پہنچ چکے ہیں جہاں لاہور میں نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے استقبال کیا جس کے بعد انہوں نے لاہور میں مختصر وقت گزارا جس دوران مزار اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس کے بعد ایرانی صدر اسلام آباد پہنچے جہاں وزیراعظم شہبازشریف نے دیگر وزراء کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔



















