بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان نے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
ہفتہ کے روز اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی بہن علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کیلئے پیغام بھیجا ہے کہ باجوڑ اور سابق فاٹا میں آپریشن نہیں ہونا چاہیے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج ملک کا قیمتی ادارہ ہے، عوام اور فوج کو آمنے سامنے نہ لائیں اور مسائل کو بات چیت سے حل کیا جا سکتا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی نے واضح کیا ہے کہ پانچ اگست احتجاجی تحریک کا دن ہے لیکن چودہ اگست زیادہ اہم ہے، لہذا کارکنان یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور حصہ لیں۔
علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ بانی نے پی ٹی آئی ارکان پارلیمان کی نااہلی کو ناجائز اور غیرقانونی قرار دیتے ہوئےخالی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینےکا اعلان کیا ہے۔





















