وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کا دعویٰ ہے کہ ملک میں بنیادی مہنگائی کی سالانہ شرح 11.7 فیصد سے کم ہوکر 7 فیصد پر آگئی۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جولائی 2025ء میں مہنگائی کی رفتار معتدل رہی، جولائی 2025ء میں مہنگائی کی شرح 4.1 رہی، جولائی 2024ء میں یہ شرح 11.1 فیصد تھی۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں خوراک کی مہنگائی 2.2 فیصد رہی، شہری علاقوں میں یہ مزید کم ہوکر 1.5 فیصد پر آگئی، جولائی 2024ء میں بالترتیب 3.4 فیصد اور 1.3 فیصد تھی۔
خرم شہزاد نے بتایا کہ ملک میں بنیادی مہنگائی کی سالانہ شرح 11.7 فیصد سے کم ہوکر 7.0 پر آگئی۔
واضح رہے کہ وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کیے ہیں، جس کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو سالانہ 1.98 فیصد پر آگئی ہے، اس دوران 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 12 کے نرخ میں کمی ہوئی۔






















