پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کے کھلاڑی شاہین آفریدی، کپتان آغا سلمان اور کوچنگ سٹاف کے ایک رکن سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں ۔
پی سی بی نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی یا پریکٹس سیشنز کے دوران ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، یہ گمراہ کن افواہیں سراسر جھوٹی ہیں اور بظاہر دانستہ طور پر بدنیتی پر مبنی ارادے کے تحت گھڑی گئی ہیں تاکہ قومی اسکواڈ میں اختلافات پیدا کیے جا سکیں۔ایسی غلط معلومات قومی ٹیم کے اتحاد، مورال اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سوچی سمجھی اور قابل مذمت کوشش ہیں۔ پی سی بی ان افواہوں کو ایک منظم اور پیشگی تیار کردہ بہتان تراشی مہم سمجھتا ہے، جس کا مقصد نشانہ بنائے گئے افراد کی پیشہ ورانہ ساکھ اور اسکواڈ کے مجموعی ماحول کو متاثر کرنا ہے۔
بیان کے مطابق اسی لیے پی سی بی ان جھوٹے دعووں کو پھیلانے والے افراد اور اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کرے گا، جس میں ہتکِ عزت اور سائبر کرائم کے مقدمات شامل ہوں گے۔ جو بھی افراد اس جھوٹے بیانیے کو آگے بڑھانے میں ملوث پائے گئے، انہیں متعلقہ قوانین کے تحت مکمل طور پر جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔بورڈ عوام، میڈیا نمائندگان اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے گزارش کرتا ہے کہ وہ غیر مصدقہ اور غیر ذمہ دارانہ مواد میں ملوث ہونے، اس کی تائید یا تشہیر سے گریز کریں۔ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں، عملے اور قومی ٹیم کے تقدس کو بے بنیاد اور نقصان دہ قیاس آرائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔



















